سٹی 42:آخری بار مکمل سورج گرہن 2 سال قبل ہوا تھا اور ایک بار پھر یہ نظارہ متعدد افراد دیکھ سکیں گے۔
یہ گرہن اس لحاظ سے بھی خاص ہے کہ بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن سورج غروب ہونے کے وقت نظر آئے گا، جو ایک نہایت نایاب فلکیاتی منظر ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق مکمل سورج گرہن صرف گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی علاقوں اور پرتگال کے ایک محدود حصے سے دیکھا جا سکے گا۔ اسپین میں سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا منظر فلکیاتی شائقین کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ یورپ کے بیشتر ممالک اور شمالی افریقا کے مختلف علاقوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔ روس بھی ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں مختلف علاقوں میں سورج طلوع اور سورج غروب کے اوقات میں جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔
ماہرین کے مطابق سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا منظر کئی برسوں بعد دیکھنے کو ملتا ہے، جس کے باعث اس سال کا سورج گرہن غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق 12 اگست کو جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جبکہ یہ فلکیاتی مظہر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔
12 اگست مکمل سورج گرہن دنیا بھر میں فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ ناسا کے مطابق یہ گرہن کئی حوالوں سے منفرد ہوگا، کیونکہ چند خوش نصیب علاقوں میں لوگ سورج غروب ہونے کے دوران مکمل سورج گرہن کا حیرت انگیز منظر بھی دیکھ سکیں گے۔