ایشیا کپ سری لنکا سے یو اے ای منتقل کرنے کا حتمی اعلان ہوگیا

Asia Cup
سورس: Twitter
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کرکٹ کپ 2022 کو سری لنکا سے یواے ای منتقلی کا حتمی اعلان کردیا ہے۔

اے سی سی کے مطابق ایشیا کپ اب سری لنکا کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کرکٹ کپ کے میچز 27 اگست سے 11 ستمبر تک شیڈول ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق ایونٹ کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہی رہے گی۔   ایشیا کپ کے وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا  ہے۔صدر اے سی سی جے شاہ کے مطابق سری لنکا کے لوگ کرکٹ سے بہت پیار کرتے ہیں، انہوں نے ایونٹ کرانے کی بہت کوشش کی۔ ایشیا کپ ایشیائی ٹیموں کی ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے بہت اہم ہے۔

صدر سری لنکا کرکٹ کے مطابق ہم سری لنکا میں ٹیموں کی میزبانی کے منتظر تھے، بہرحال اے سی سی کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یاد رہے کہ سری لنکا نے ملک میں جاری سیاسی ومعاشی بحران کے باعث ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے معذرت  کر لی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان اور بنگلا دیش مین راؤنڈ میں شامل ہیں۔  متحدہ عرب امارات، نیپال، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی۔