( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریوں کا آغازکردیا، آزاد کشمیر اور پشاور میں بھی لیگ کے میچز کروائے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کی تیاریوں کا آغاز کردیا، پی سی بی حکام لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن آئندہ برس 20 فروری سے 22 مارچ تک کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پی ایس ایل فائیو کا ڈرافٹ نومبر میں کروانے کی تجویز دی گئی جبکہ اس مرتبہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے اس سلسلے میں ابھی تک افتتاحی میچ کے مقام کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل تھری اور فور کے فائنل کراچی میں کروانے کے بعد پی ایس ایل فائیو کا فائنل لاہور میں کروایا جائے گا۔ اسی طرح ڈبل لیگ کے پہلے مرحلے میں کوئٹہ، پشاور اور کراچی کے میچز کراچی میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے میچز لاہور میں کروائے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائیو کے 11 میچز لاہور، 9 میچز کراچی، راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں چار میچز کروانے کی تجویز ہے۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آزاد جموں و کشمیر اور پشاور میں بھی ایک ایک میچ کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔
پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے شیڈول اور میچز کے مقامات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔