شاہد سپرا:لاہور میں بسنت کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لیسکو نے خصوصی انتظامات کر دئیے ہیں۔
پاور کنٹرول سینٹر کے ایکسیئن میر مصطفےٰ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ داتا دربار ڈویژن میں ایک سپیشل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ اس کنٹرول روم میں ایکسیئن داتا دربار ڈویژن سراج الدین اریجو موجود رہیں گے، جبکہ میکلوڈ روڈ ایکسیئن محمد ناصر اور ایس ڈی او شیرانوالا گیٹ سب ڈویژن علی زوہیب بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق 6 تا 8 فروری 2026 کے دوران لائن سٹاف، پی اینڈ آئی اور مینٹیننس اسٹاف 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے تاکہ بسنت کے دوران بجلی کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر لیسکو نے گرڈ سٹیشنز پر حفاظتی جال بھی نصب کر دیے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بسنت کے دوران دھاتی ڈور کے استعمال سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ لیسکو بسنت کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے اور عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہا ہے۔