ثمرہ فاطمہ: لاہور چڑیا گھر میں پہلی مرتبہ نایاب اور غیر ملکی طوطوں کی افزائشِ نسل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد چڑیا گھر کو کیپٹو بریڈنگ کے میدان میں نمایاں مقام دلانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سال 2024-25 کے دوران مختلف اقسام کے طوطے خریدے گئے تھے جن میں ایکلیکٹس، کاکاٹو، مونک، سن کونیور اور الیگزینڈرن طوطے شامل ہیں۔ اب ان پرندوں کی افزائشِ نسل کے لیے جدید نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق انڈوں کو روایتی گھونسلوں سے نکال کر جدید انکیوبیٹرز میں منتقل کیا گیا ہے تاکہ درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کر کے انڈوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے درآمد شدہ انکیوبیٹرز اور نرسری بھی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ جدید ہیچری سسٹم کی تنصیب آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جدید سہولیات کی بدولت آئندہ برسوں میں پرندوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔