ویب ڈیسک: کراچی میں سخت سیکیورٹی اقدامات کے پیشِ نظر سینٹرل جیل کے اطراف گاڑی یا بائیکس کھڑی کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ پولیس کے مطابق موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ایسٹ زون سمیت متعلقہ اضلاع کے اعلیٰ حکام کے احکامات پر سینٹرل جیل کے اردگرد ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ جیل کی دیوار کے قریب کسی بھی قسم کی گاڑی، موٹر سائیکل یا دیگر سامان رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، بشمول ٹھیلے، پتھارے یا دیگر اشیاء۔
علاقہ مکینوں کو لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اطلاع دے دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر جیل کی دیوار کے ساتھ موجود گاڑیاں اور دیگر اشیاء ہٹا دیں۔ کارروائی کے دوران پولیس نے لفٹر کی مدد سے 9 پرانی گاڑیاں ہٹا دیں جو کئی ماہ سے جیل کی بیرونی دیوار کے ساتھ پارک تھیں،
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ جیل کے اردگرد پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
علاوہ ازیں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی انتظامات میں تعاون کریں کیونکہ یہ اقدامات عوام کی حفاظت کے لیے کیے جا رہے ہیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔