(ویب ڈیسک)سندھ میں تعلیمی سال 27-2026 کے آغاز، داخلوں کے شیڈول، امتحانات اور تعطیلات کے باقاعدہ شیڈول کی منظوری دیدی گئی ۔
وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں شیڈول کی باقاعدہ منظوری دی گئی،تعلیمی سال 27-2026 کا آغاز یکم اپریل 2026 سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نویں جماعت تک داخلے یکم مارچ سے 31 مارچ 2026 تک جاری رہیں گے۔
نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 30 مارچ سے 15 اپریل 2026 تک ہوں گے، دسویں جماعت کا نتیجہ یکم جون جبکہ نویں جماعت کا نتیجہ 15 جون 2026 کو جاری کیا جائے گا۔
گیارہویں جماعت میں داخلے سینٹرل ایڈمیشن پالیسی کے تحت یکم جون سے جولائی 2026 کے آخری ہفتے تک مکمل کیے جائیں گے۔
اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15 اپریل سے 30 اپریل 2026 تک ہوں گے، بارہویں جماعت کا نتیجہ 15 جون جبکہ گیارہویں جماعت کا نتیجہ یکم جولائی 2026 کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلی سے تیسری جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان اگلی جماعت میں ترقی دی جائے گی، چوتھی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات یکم مارچ سے 15 مارچ 2026 تک منعقد ہوں گے۔
اجلاس میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی 2026 اور موسم سرما کی تعطیلات 21 دسمبر سے 31 دسمبر 2026 تک رکھنے کی منظوری دی گئی۔