فاران یامین:شہر کے مختلف علاقوں میں بارش برسنے کا سلسلہ جاری ہے،کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
ابر رحمت برسنے سے سردی واپس لوٹ آئی، ہوا میں خنکی بڑھ گئی۔گڑھی شاہو، مال روڈ جیل روڈ، صدر گول چکر ،کچا جیل روڈ، صدر گول چکر، دھرم پورہ پر بھی بادلوں نے رنگ جمایا۔
علاوہ ازیں اچھرہ، مسلم ٹاون، گارڈن ٹاون، شاہ جمال میں بوندا باندی جبکہ گلبرگ، مکہ کالونی، کلمہ چوک، ماڈل ٹاون و اطراف میں بارش ہوئی۔
بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں ،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد تک جا پہنچا ،فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ،ایئر کوالٹی انڈیکس 97ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب مسلسل بارش کے باعث شہر کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہو گیا،کچا جیل روڈ بارش کے باعث جھیل کا منظر پیش کرنے لگا۔پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سردی بڑھنے پر لاہوریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔