عثمان خادم: بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت اور کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کو الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین کے امیدوار کے لیے بی اے جبکہ کونسلر کے لیے ایف اے کی ڈگری لازمی ہوگی، اس کے علاوہ امیدواروں سے کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جائے گا۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت اور کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے سے متعلق خبر درست نہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حوالے سے نہ کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی ہدایت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے عوام اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کو غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی معاملات سے متعلق مستند معلومات صرف الیکشن کمیشن کے سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔