ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لاہور کے سینئر نائب صدر رانا جاوید اقبال نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رانا جاوید اقبال نے استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود کے ساتھ ملاقات میں فیصلہ سنایا۔ رانا جاوید اقبال نے پارٹی پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔
میاں خالد محمود نے رانا جاوید اقبال کو پارٹی مفلر پہنا کرساتھیوں سمیت خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم سب بہتری کے خواہاں ہیں۔
رانا جاوید اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ویژن پر گامزن ہے،9 مئی کا سانحہ دلخراش اور ہر محبت وطن کے لئے تکلیف دہ ہے، بھرپور مذمت کرتے ہیں، اپنے اداروں اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں،ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے ناکام ہوں گے۔
میاں خالد محمود نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ مزید خوشخبریاں ملیں گی، جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قیادت میں انشاء اللہ ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔