(سعید احمد سعید)برائلر مرغی کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کا سلسلہ جاری، برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد کمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد معمولی کمی ہو گئی برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی کردی گئی جس کے بعد مرغی کا گوشت 373روپے سے کم ہو کر 367 روپے فی کلو ہو گیا۔زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 245روپے جبکہ پرچون ریٹ 253روپے فی کلو جاری کیا گیا۔ فارمی انڈے 1 روپے فی درجن مہنگے ہوگئے،انڈوں کا 148روپے فی درجن سرکاری نرخ نامہ جاری کیا گیا جس کے بعد انڈوں کی پیٹی 4320روپے کی ہو گئی۔
گزشتہ دنوں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں10 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا تھا جس کے بعد مرغی کا گوشت 364روپے سے بڑھ کر 374 روپے فی کلو ہو گیا تھا تاہم اب برائلر گوشت کی قیمت میں چھ روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، اس معمولی کمی کو شہری اونٹ کے منہ میں ز یرہ کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہریوں نے پنجاب حکومت سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزیدکمی لانے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں پہنچ سے باہر ہیں اب برائلر گوشت کی قیمت بھی شہریوں کی پہنچ سے باہر ہیں۔