(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر شہر قائد کے مخصوص علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر شہرکراچی کےضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں کی یونین کونسلوں اور بلاکس میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے تحت کورونا سے متاثرہ علاقوں میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے چار ٹاؤنز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ 27 اپریل سے 11 مئی تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ان چاروں ٹاؤنز میں کورونا کے 58 مریض موجود ہیں، ضلعی ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کے بعد مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد لازمی ماسک پہنیں گے، متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، مذکورہ علاقوں میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی، مذکورہ علاقوں میں فیملی اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔
واضح رہےکہ شہر قائد کے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کی سب سے خطرناک قسم کے 2 کیسز سامنے آئے ہیں، محکمہ صحت کے مطابق یہ وائرس سب سے تیزی سے پھیلنے والا ورژن ہے اور یہ وائرس برطانیہ اور انڈیا سے مماثلت رکھتا ہے، کورونا وائرس نے سندھ میں سب سے زیادہ نوجوانوں کو اپنا نشانہ بنایا،تینوں لہروں میں اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوچکےہیں۔