(سٹی 42) قدرت اہلیان لاہور پر مہربان ہوگئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔
چوتھا روزہ لاہوریوں کیلئے بارش کی نوید لے آیا، صبح ہوتے ہی باغوں کے شہر لاہور کو بادلوں نے اپنی آغوش میں لے لیا، سورج چھٹی پر چلا گیا، ہلکی بارش نے لاہور کا موسم سہانا بنا دیا، موسم کے بدلتے تیور اور رنگین نظاروں نے فضا کی دلکشی میں بھی اضافہ کردیا، جہاں رنگ برنگے پھولوں کی خوشبو نے ماحول کو تروتازہ کیا، وہیں بادلوں اور بارش کے تڑکے نے شہریوں کے مزاج کو بھی رنگین بنا دیا، ہلکی بارش سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت34 اور کم سے کم 22ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا، لاہورشہرکاموسم آج ابرآلود رہنےکاامکان ہے،آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بادل برسیں گےتاہم بدھ کے روز شہر کا موسم خشک رہے گا۔
دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے، شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک بھر میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 13947 ہوگئی جبکہ 293 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا جہاں اب تک کورونا وائرس سے 5526 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ84 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔