سٹی 42 : لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے آپریشن میں دہشت گرد گروہ کا کمانڈر منظور ہلاک ہو گیا۔ عبدل خیل اور ملحقہ سارے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
لکی مروت میں آج مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران شہریوں پر قاتلانہ حملے اور سنگین دہشت گردی میں ملوث، کئی مقدمات میں مطلوب دہشت گردوں کا کمانڈر منظور ولد عزت سکنہ عبدالخیل ہلاک ہوگیا۔ اس بدنام دہشت گرد کو جہنم واصل کرنے کے بعد دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے لکی مروت کے عبدل خیل کے ملحقہ علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے۔
گزشتہ روز عبدال خیل کے علاقے میں دوستانہ میچ کھیلنے کے بعد واپس جانے والے مقامی کھلاڑیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ اس سفاکانہ حملے میں تین جوان شہید جبکہ تین زخمی ہوئے۔
اس حملے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی نے مل کر آپریشن شروع کیا، یہ مشترکہ آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
آپریشن کے دوران پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں شہریوں پر قاتلانہ حملے میں ملوث اور سی ٹی ڈی کو سنگین دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب مقامی دہشت گرد کمانڈر منظور ولد عزت سکنہ عبدالخیل ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد کی لاش پولیس نے تحویل میں لے لی۔
پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔