ثمرہ فاطمہ:پنجاب میں پری سموگ آپریشن کے تحت فضائی آلودگی کے بڑے ذرائع کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سکشن ہڈز کے بغیر چلنے والے میرج ہالز بھی محکمہ ماحولیات کے ریڈار پر آگئے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد سکشن ہڈز نصب نہ کرنے والے میرج ہالز کو مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کو مکمل طور پر بند کرکے سیل کیا جائے گا، جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق صرف سکشن ہڈز نصب کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ ان کا مؤثر اور فعال ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ غیر مؤثر یا غیر فعال سکشن ہڈز رکھنے والے میرج ہالز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ نے فیلڈ افسران کو میرج ہالز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کو کاروبار جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عبداللہ نیئر شیخ کے مطابق کمرشل کچن سے دھوئیں اور آلودہ اخراج کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکشن ہڈز سے متعلق خلاف ورزیوں پر اب تک 500 سے زائد ریسٹورنٹس سیل کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق پری سموگ آپریشن کے دوران فضائی آلودگی کا باعث بننے والے دیگر ذرائع کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔