سٹی42: پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدام "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اب تک مستحق خاندانوں کو 102 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم فراہم کی جا چکی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق، 85,500 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضہ جات دیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبہ بھر میں 17,957 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ گھروں کی تعمیر کے لیے پلاننگ کا آغاز فوری طور پر کیا جائے۔عوامی فلاح کے جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ آئندہ ہفتے پراجیکٹ کو صوبائی کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان، پی ڈی "اپنی چھت اپنا گھر" ولید بیگ، اور پی ڈی افورڈیبل ہاؤسنگ عمران سلطان نے بریفنگ دی۔محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق شہریوں کو اپنے گھروں کی فراہمی کے لیے منفرد اور آسان پروگرام متعارف کروائے گئے ہیں، جن کے تحت شہری گھر بیٹھے بھی قرضے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قرضہ جات کی فراہمی کی رفتار کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد جلد از جلد اپنے ذاتی گھروں کا خواب پورا کر سکیں۔