ملک اشرف : سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 16 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔29ستمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور اعتراضات پر سماعت کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق سپریم کورٹ بار انتخابات کیلئے30 ستمبر کو امیدواروں کی عارضی فہرست جاری ہوگی۔ یکم اکتوبر کو اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ ہوگی اور3 اکتوبر تک ان اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے۔ امیدوار4 اکتوبر دوپہر2 بجے تک اپنی نامزدگی واپس لےسکیں گے، جبکہ اسی روز سہ پہر ساڑھے تین بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔انتخابات میں ملک بھر سے 4379 وکلاء ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ ان میں لاہور سے 1460، ملتان سے 315، بہاولپور سے 145، راولپنڈی سے 805، خیبرپختونخوا سے 593، سندھ سے 741 اور بلوچستان سے 322 وکلاء شامل ہیں۔