ویب ڈیسک : معروف گلوکار اور روحانی کلام کے خالق نجم شیراز کی والدہ سلطان جہان بیگم طویل علالت کے بعد ٹورنٹو، کینیڈا میں انتقال کر گئیں۔ وہ کچھ عرصے سے شدید علیل تھیں جس کے باعث نجم شیراز عارضی طور پر کینیڈا منتقل ہو گئے تھے تاکہ اپنی والدہ کے قریب رہ سکیں۔
نجم شیراز نے اپنی والدہ کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شوبز کی دنیا سے دین کی طرف آنے میں میری والدہ کی تربیت کا بڑا کردار رہا ہے۔ اُن کی دعاؤں، محبت، ایمان اور حوصلہ افزائی نے مجھے زندگی کے اصل مقصد کی طرف لایا۔"
انہوں نے مزید لکھا کہ اُن کی والدہ ہمیشہ اُن کی زندگی کے مشن میں ایک مضبوط سہارا رہیں اور ان کی قدر دانی اور محبت کو وہ کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔
نجم شیراز کے مداح اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد سوشل میڈیا پر اُن کے ساتھ اظہارِ افسوس کر رہے ہیں اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی جا رہی ہے۔