ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تعلیمی اداروں میں چھٹیاں، طلبا کیلئے اہم خبر

تعلیمی اداروں میں چھٹیاں، طلبا کیلئے اہم خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :اسموگ الرٹ کے بعد تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ کیا گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی قبل از وقت چھٹیاں دی جائیں گی۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور میں بڑھتی ہوئی اسموگ کے حوالے سے تشویشناک الرٹ جاری کیا ہے جس سے تعلیمی سرگرمیوں پر بھی اثرات پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خشک موسم کے باعث آئندہ دنوں میں اسموگ کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

گزشتہ سال پنجاب حکومت نے 3 نومبر سے ایک ہفتے کے لیے تعلیمی ادارے بند کیے تھے، بعد ازاں چھٹیوں میں ایک ہفتے کی توسیع بھی کی گئی تھی۔ اس سال حکومتِ پنجاب اور محکمۂ تعلیم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک اسکول بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوا تو ابتدائی سطح کے سکولوں کی بندش کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں فضائی آلودگی مزید بڑھنے کا امکان ہے جس کے باعث سانس، نزلہ، کھانسی اور آنکھوں کی جلن کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔تعلیمی اداروں میں چھٹیوں سے متعلق یہ افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں کہ حکومتِ پنجاب سردیوں کی چھٹیاں وقت سے پہلے دے گی تاہم لاہور میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع نے واضح کیا ہے کہ نہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور نہ ہی کسی دوسرے سرکاری ادارے میں اس حوالے سے کوئی غور کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ مفروضہ قبل از وقت ہے اور ایسا کوئی منصوبہ زیرِ غور نہیں۔

پنجاب بھر میں دن کے وقت موسم ابھی گرم ہے اور سردی کے آثار ظاہر نہیں ہوئے، تاہم سموگ کے خدشے کو بنیاد بنا کر سردیوں کی تعطیلات قبل از وقت کرنے کی خبریں بے بنیاد قرار دی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ادارے نے سکول بند کرنے یا چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

سکولوں کے اوقات کار تبدیل:

دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نےموسم سرما کیلئے سکولوں کے اوقات کار جاری کردیئے ہیں،سکول صبح8 بجکر45 منٹ پر لگا کریں گے،سکولوں میں چھٹی دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا کرے گی۔ٹیچرز کو 2 بجے چھٹی ہوا کرے گی،جمعہ کے روز چھٹی ساڑھے12بجے ہوا کرے گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئے اوقات کار نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،سیکنڈ شفٹ میں سکول دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک لگاکریں گے۔

لاہور پھر فضائی آلودگی میں سر فہرست:

 واضح رہے کہ پنجاب میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ لاہور کی فضا انتہائی زہرآلودہ ہوگئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 312 تک جا پہنچا ہے۔ بھارتی شہر دہلی 239 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ فیصل آباد کا اے کیو آئی 540، گوجرانوالہ 371، ملتان 364 اور بہاولپور 250 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

شمال مشرقی سمت سے چلنے والی کم رفتار ہوائیں بھارت کے زرعی علاقوں سے گزر کر لاہور اور وسطی پنجاب کی فضا کو متاثر کر رہی ہیں۔ ان علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث PM₂.₅ اور PM₁₀ ذرات فضا میں شامل ہو کر ہواؤں کے ذریعے پاکستان منتقل ہو رہے ہیں۔ ہواؤں کی کم رفتار کی وجہ سے آلودگی کے ذرات زمین کے قریب جمع ہو جاتے ہیں، جس سے لاہور اور گردونواح میں فضائی معیار مزید خراب ہو گیا ہے۔

انسدادِ اسموگ آپریشن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے اور لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گوجرانوالہ میں اینٹی سموگ اسکواڈز فعال کر دیے گئے ہیں۔ مریم اورنگزیب کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔