(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کی قیادت میں وفد تیل کے معاہدے پر بات چیت کے لیے کل روس روانہ ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا امید ہے یہ دورہ کامیاب ہو گا اور حکومت پاکستان جلد ہی روس سے سستے داموں تیل اور گیس حاصل کرنے کا معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گی اور پاکستان کو اپنی ضروریات کے مطابق تیل اور گیس مل سکے گی ، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہرگز ڈیفالٹ کے قریب نہیں، اپنے ذمے تمام ادائیگیاں مقررہ وقت پر ادا کر دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ روس سے تیل اور گیس کی خریداری قومی مفاد میں کی جائیگی، پاکستان تیل اور گیس کی خریداری میں کسی گلوبل ٹریٹی کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق روس سے بہتر معاہدہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو سالانہ 2ارب ڈالر سے زائد کی بچت ہوسکتی ہے جبکہ روس سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤبھی کم ہوجائے گا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ نے ریکوڈک پراجیکٹ پر قائم ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریکوڈک پراجیکٹ کی بحالی کیلئے طے پانے والے اقدامات کی جلد تکمیل پر زور د یتے ہوئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو 15دسمبر کی ڈیڈ لائن پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔
خبر ایجنسی کے مطابق وزیر خزانہ نے شوگر ملز مالکان کی جانب سے کرشنگ شروع نہ کرنے اور دیگر مطالبات پر کل اہم اجلاس طلب کر لیا۔