(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹر حسن علی ایک سال کے دوران ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی باؤلر بن گئے۔
ماہر کرکٹ مظہر ارشد نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ عمران خان نے 1982 اور وقار یونس نے 1990 میں انجام دیا تھا، قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس 1993 کے کلینڈر ائیر میں ایک اور اعزاز رکھتے ہیں جس میں وہ 6 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے یہ کارنامہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران انجام دیا، حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جس میں انہوں نے شادمان اسلام، لٹن داس، یاسر علی، ابوجاوید اور عبادت حسین کی وکٹیں حاصل کیں، حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگ میں 330 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
دوسری جانب کرکٹ ایکسپرٹ کے مطابق 1993 کے بعد سے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کے لیے بہترین سال رہا ہے جس میں پاکستانی فاسٹ بولرز اب تک 95 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، اس سے قبل 1993 میں پاکستانی بولرز نے ایک سال میں 99 وکٹیں لی تھیں۔