(شہبازعلی) کنیئرڈ کالج برائے خواتین کے زیراہتمام دوسری کنیئرڈ ویمن کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچ میں کنیئرڈ گرین نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کو سات وکٹوں سے شکست دے دی، نوجوان خواتین کرکٹرز کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے ان کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
کنیئرڈ کالج برائے خواتین گراؤنڈ پر ہونے والی چیمپیئن شپ کے افتتاحی میچ میں لاہور کالج برائے خواتین کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، وحیدہ اختر 51 اور صبا نادر 33 رنز بناکر نمایاں رہیں، کنیئرڈ کالج کی بختاور نے چار اور ارم جاوید نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
جواب میں کنیئرڈ کالج نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بناکر میچ میں کامیابی حاصل کرلی، حفصہ 87 اور ارم جاوید 73 رنز بناکر نمایاں رہیں، لاہور کالج یونیورسٹی کی ڈیانا بیگ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ میں شریک نوجوان کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ سے ان کو آگے بڑھنے کا بہترین موقع ملے گا۔ قومی ٹیم کی فاسٹ باؤلر عالیہ ریاض کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ سے نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش میں بہترین موقع ملے گا۔
تین ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں ڈبل لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلے جائیں گے اور ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 4 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔