علی ساہی:جمعۃ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے اور مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
عبدالکریم نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ میں اضافہ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مذہبی اور حساس مقامات کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
مزید برآں، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حساس مقامات کے اطراف سرچ اور سویپ آپریشنز جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔