ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پہلا سرپرائز ۔۔ اہم اتحادی کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان

وزیراعظم عمران خان
کیپشن: PM Imran Khan
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کو  پہلا سرپرائز۔ اہم اتحادی  نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

حکومتی اتحادی نے راہیں جداکرلیں ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی  بلاول بھٹو زرداری نےحکومتی اتحادی ،جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی  شاہ زین بگٹی سے ان کے گھرمیں ملاقات کی۔  شاہ زین بگٹی نےتحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینےکا اعلان کردیا۔

بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت کے اتحاد سے استعفا دیتے ہیں۔ پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت کیساتھ ساڑھے تین سال تک چلے۔ حکومت نے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا۔ سیاست میں اخلاقیات سے باہر گفتگو نہیں کرنی چاہیے۔ 

اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ شاہ زین بگٹی نے بہادرانہ فیصلہ کیا ہے۔  وزیراعظم اور اس کی حکومت کا اپنے اتحادیوں کے ساتھ سلوک افسوسناک ہے۔

شاہ زین بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان میں ڈویلپمنٹ لاؤں گا لیکن بلوچستان میں کوئی بہتری نہیں آئی، یہاں پر امن و امان کی مخدوش صورتحال بڑا مسئلہ ہے جو حل نہیں ہوسکا، بلوچستان میں دو لاکھ نوے ہزار مہاجرین موجود ہیں، بلوچستان کے حالات ٹھیک نہ ہوسکے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے 100 بچوں کے لیے اسکالر شپس مانگی تھیں، پانچ پانچ کروڑ روپے ٹرانسمیشن لائن کے لیے، پانچ پانچ کروڑ بلڈ بینک اور لیبارٹری کے لیے کیوں کہ بلوچستان میں بلڈ بینک نہیں ہیں اور بچہ حادثے کا شکار ہو تو خون نہ ملنے سے انتقال کرجاتا ہے لیکن نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سیاست بچانے کے لیے جنوبی پنجاب کے لیے 500 ارب کا اعلان کرتے ہیں ضرور کریں ہمیں اعتراض نہیں، لیکن ہمارا حق ہمیں نہیں دیا، کیا پاکستان کی سرکار 8 ارب روپے بھی نہیں دے سکتی تھی؟

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی مخدوش صورتحال بڑا مسئلہ ہے، میرے پاس تمام ڈیٹا موجود ہے، امید کرتا ہوں کہ پی ڈی ایم ان معاملات کو دیکھے گی اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

شاہ زین بگٹی نے مزید کہا کہ ملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب ہم پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی حکومتی اتحاد کا حصہ تھے۔

دوسری جانب حکومت اور اپوایشن جماعتوں کے قافلے شہر اقتدار پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ تحریک انصاف آج پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔ تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان کا جلسہ سے خطاب شام 5 بجے متوقع ہے۔ 

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor