سٹی 42: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ایک بار پھر گرفتارکرنے کا حکم آگیا۔
لاہور کے حلقہ 124 سے ایم این اے منتخب ہونیوالے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ایک بار پھر گرفتار کا حکم دیا گیا ہے،کراچی کی احتساب عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق نیب کی جانب سے دائر ریفرنس پر سماعت کراچی کی احتساب عدالت میں ہوئی۔نیب حکام نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ دوران تحقیقات معلوم ہوا کہ پی ایس او کے ایم ڈی اور ڈی ایم ڈی کی تقرری غیر قانونی ہے۔
احتساب عدالت نے سابق وِزیر اعظم شاہد خان عباسی سمیت شریک ملزم سابق سیکرٹری ارشد مرزا کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔احتساب عدالت نے متعلقہ کیس میں سابق ایم ڈی پی ایس او اور ڈی ایم ڈی کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔
عدالت نے شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان کو 10 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں ضمانت پر جیل سے باہر ہیں،احتساب عدالت نے انہیں نیب آفس سے گرفتار کیا تھا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔