عابد چودھری: لاہور کے علاقے برکی میں مدرسے میں زیرِ تعلیم 12 سالہ بچے کی مبینہ تشدد کے بعد ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق بہاولنگر سے تعلق رکھنے والا علی حیدر دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مدرسے میں مقیم تھا۔
اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ مدرسے کے قاری غلام رسول نے مبینہ طور پر بچے کو ختم شریف میں شرکت نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
اہلِ خانہ کے مطابق تشدد کے بعد بچے کی حالت غیر ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بتایا گیا ہے کہ 12 سالہ علی حیدر تقریباً 8 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہا۔
واقعے کے بعد اہلِ خانہ نے برکی پولیس کو قاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔ لاش کو قانونی تقاضے پورے کرنے اور موت کی وجوہات کے تعین کے لیے پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔