(سعید احمد سعید)برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اب ایک بار پھر برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔
تفصیلات مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت میں 13 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مرغی کا گوشت 293 روپے سے بڑھ کر 306 روپے فی کلو ہو گیا جبکہ فارمی انڈوں کا 152 روپے فی درجن سرکاری نرخ نامہ برقرار ہے۔
گزشتہ چند روز سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں استحکام دیکھنے میں نہیں آ رہا جس پر شہری حلقوں سمیت دکانداروں نے بھی تشویش کا اظہارکیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ برائلر مرغی کی قیمتوں کو مستقل بنیادوں پر کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہے،انہوں مطالبہ کیا کہ حکومت کوشش کرے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت کم ہو کیونکہ اب سستا پروٹین بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
دیگر اشیائے خورونوش کی بات کریں تو ان کی قیمتیں بھی روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں شہریو ں کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دے کیونکہ بڑھتی مہنگائی نے عوام کی زندگی دوبھر کر دی ہے اگر یہی صورتحال رہی تو دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو جائے گی۔