علی رامے: پنجاب حکومت نے مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور مریم نواز ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تصدیق اور مریضوں سے فیڈبیک حاصل کرنے کے لیے جدید کال سینٹر قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ صحت نے مالی سال 2026-27 کے لیے کال سینٹر سروسز کا فریم ورک تیار کر لیا ہے، جس کے تحت مریضوں کو فون کالز کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی کی تصدیق کی جائے گی اور ان کے اطمینان سے متعلق فیڈبیک بھی لیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت کال سینٹر میں 140 کال ایجنٹس اور 4 شفٹ انچارج/سپروائزر تعینات کیے جائیں گے۔ کال سینٹر کے ذریعے روزانہ کم از کم 20 ہزار طبی خدمات کی تصدیق کی جائے گی، جبکہ تمام فون کالز کی آڈیو ریکارڈنگ بھی لازمی ہوگی۔
دستاویزات کے مطابق مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور ہسپتالوں میں نارمل ڈلیوری اور طویل مدتی خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی 100 فیصد فون کالز کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔ اس کے علاوہ قبل از پیدائش معائنے (اینٹی نیٹل چیک اپ) کی 30 فیصد، او پی ڈی سروسز کی 25 فیصد، جبکہ ویکسینیشن، ٹی بی مریضوں اور غذائی قلت کی سکریننگ و علاج سے متعلق 25 فیصد طبی خدمات کی بھی تصدیق کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت اگر کسی مریض سے پہلی کال پر رابطہ نہ ہو سکے یا وہ کال مسترد کر دے تو مزید دو مرتبہ رابطے کی کوشش کی جائے گی۔ تین کوششوں کے باوجود رابطہ نہ ہونے کی صورت میں 20 فیصد اضافی فہرست میں شامل دوسرے مریض کو تصدیق کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق کال سینٹر منصوبے کی تخمینی لاگت 14 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم یہ تخمینہ صرف بڈ سکیورٹی کی رقم کے تعین کے لیے استعمال ہوگا۔