عرفان ملک:ملک بھر میں قائم کال سینٹرز کے نیٹ ورک کی قانونی حیثیت اور سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے جوائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے,اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ جوائنٹ ٹاسک فورس میں این سی ای آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شامل کیا جائے گا، جبکہ پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندوں کی شمولیت کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ٹاسک فورس کال سینٹرز کے قیام، رجسٹریشن، لائسنسنگ اور قانونی سرگرمیوں سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی مشاورت سے جوائنٹ ٹاسک فورس کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ ملک بھر میں قائم کال سینٹرز کی قانونی حیثیت اور آپریشنز کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈائریکٹر این سی ای آئی اے علی وسیم کا کہنا تھا کہ مربوط اور مؤثر کارروائی کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی۔