ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

راوی روڈ پولیس کی کارروائی، گٹکا مافیا کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا

راوی روڈ پولیس کی کارروائی، گٹکا مافیا کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری:راوی روڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا مافیا کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا اور گٹکا تیار کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی سٹی کے مطابق ملزم نے پولیس سے بچنے کے لیے فیکٹری کو باہر سے تالا لگا رکھا تھا، جبکہ اندر خفیہ طور پر گٹکا تیار کیا جا رہا تھا۔ ایس ایچ او راوی روڈ نے کارروائی کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گٹکا تیار کرتے ہوئے خام مال سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے حکومتی پابندی کے باوجود گٹکا تیار کرنے کا مکمل سیٹ اپ قائم کر رکھا تھا۔ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 1,000 لیٹر سے زائد تیار گٹکا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، برآمد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران ہزاروں پیکٹ سپاری، گٹکا تیار کرنے والی مشین اور دیگر متعلقہ سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پابندی کے باوجود گٹکا تیار کر کے مختلف علاقوں میں فروخت اور سپلائی کرتا تھا۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

ایس پی سٹی نے گٹکا فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او راوی روڈ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ممنوعہ اشیا کی تیاری اور فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رہے گا۔