وقاص احمد: شراب پی کر شارع عام پر خطرناک انداز میں کار چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد غالب مارکیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا، جس پر پولیس نے غوث اعظم چوک میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسامہ اور نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان شراب پی کر شارع عام پر کار کو خطرناک انداز میں زِگ زیگ چلا رہے تھے، جس سے دیگر شہریوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق تھا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شراب کی بوتل بھی برآمد کر لی، جبکہ ان کے زیر استعمال کار کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔