سٹی42: پی ڈی ایم اے نے آج سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ مطلع صاف اور ہوائیں بند ہونے کے باعث حبس اور گھٹن کی کیفیت بڑھتی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے جانے کا امکان ہے۔ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہرِ قائد میں آج ابر آلود موسم کا راج ہے، بادل چھائے ہوئے ہیں اور موسم خاصا مرطوب ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہیں تاہم گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ دن کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مرطوب موسم کے پیش نظر ہلکے اور ہوادار لباس پہنیں اور زیادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ گرمی سے بچا جا سکے۔
اسلام آباد میں صبح سویرے ہی سورج کی تپش محسوس کی جانے لگی جس سے موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ شام کے وقت شہر کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد، ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں مون سون بارشوں کا پانچواں اسپیل جاری ہے اور 31 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین،سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ،ساہیوال، جھنگ،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، خانیوال، ملتان، مظفر گڑھ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں واقع فیری میڈو روڈ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد مقامات سے بند ہے۔فیری میڈوز میں کئی سیاح اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کئی خواتین اور بزرگ سیاحوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔تربیلا، کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی کیفیت ہے۔