چور دکان سے لاکھوں کی نقدی، قیمتی سامان لے اُڑے

چور دکان سے لاکھوں کی نقدی، قیمتی سامان لے اُڑے

 ( فخر امام ) لاہور پولیس پاک بنگلہ دیش میچ کی سیکیورٹی میں مصروف، ادھر چوروں نے گجرپورہ کے علاقہ بھوگیوال میں وارداتوں کے چھکے پر چھکے ماردیئے، چور دکانوں سے نقدی، موبائل فونز اور دیگر سامان لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق گجرپورہ کے علاقے بھوگیوال میں رات گئے چوروں نے دکانوں کے شٹر اور تالے توڑے اور دکانوں سے لاکھوں کی نقدی، موبائل فون، موٹرسائیکلز سمیت دیگر قیمتی سامان لے اڑے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں چوروں کو واضع دیکھا جا سکتا ہے، علاقے میں بڑھتی وارداتوں کے خلاف مقامی دکانداروں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ بروقت کالز کرنے کے باوجود پولیس حسب عادت موقع واردات پر دیر سے پہنچی اور روایتی کارروائی کرکے چلتی بنی۔

دکانداروں کا کہنا تھا کہ متعلقہ ڈی ایس پی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے، اگر ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو روڈ بلاک کر کے احتجاج کریں گے۔