علی ساہی: پنجاب پولیس نے شہداء کی فیملیز کیلئے ایک اہم اور خوش آئند قدم اٹھایا ہے جس کے تحت اب شہید کے بھائی کی طرح بہن بھی پولیس کی نوکری حاصل کر سکے گی۔
پولیس حکام کے مطابق اس سے قبل پولیس رولز کے مطابق شہید کا صرف بھائی ہی نوکری کا اہل تھا تاہم بہت سے کیسز میں یہ بات سامنے آئی کہ شہداء کی فیملی میں بھائی نہیں ہوتے تھے، جس کے باعث ان کی بہنوں کو نوکری فراہم نہیں کی جا سکتی تھی۔
آئی جی پنجاب کی جانب سے متعدد کیسز کے بعد شہید کی بہن کو نوکری دینے کے لیے قوانین میں ترامیم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے نتیجے میں اب شہید کے کیسز میں نوکری کی اہلیت کے لیے "برادر" کی بجائے "سبلنگز" (بھائی یا بہن) کا لفظ استعمال کیا جائے گا۔
ویلفیئر برانچ کی جانب سے سمری حکومت کو بھجوائی گئی تھی جس پر ایک کمیٹی قائم کی گئی اور ترامیم کا حکم دیا گیا۔ کمیٹی کی سفارشات کے بعد جلد ہی ترامیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔