کرونا وائرس سے نہ گھبرائیں، ماہرین

کرونا وائرس سے نہ گھبرائیں، ماہرین
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(محمود ریاض) کرونا وائرس کے سائے پاکستان پر بھی منڈلانے لگے۔  ماہر انفیکشن ڈیزیز کا کہنا ہےکرونا سے نہ گھبرائیں۔ اسی فیصد لوگ خود ہی صحیح ہوجاتے ہیں۔ عوام ٹوٹکوں پر دھیان دینے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پاکستان میں بھی کرونا وائرس کے دو مریض سامنے آگئے ہیں جس کے بعد عوام کی پریشانی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ آغا خان اسپتال کے ماہر انفیکشن ڈیزیز ڈاکٹر فیصل محمود کا کہنا ہے کرونا لاعلاج ضرور ہے مگر80 فیصد مریض خود ہی صحیح ہوجاتے ہیں۔ ہرشخص کو ماسک پہنے کی ضرورت نہیں۔  کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے مرض سے بچا جاسکتا ہے.
جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے جناح اسپتال میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے انتظامات مکمل ہیں۔  کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی صورت میں ہم تیار ہیں. ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام پریشانی کا شکار نہ ہوں۔  ٹوٹکوں کی بجائے اسپتال جانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ یہی وائرس سے بچنے کا صحیح طریقہ ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ شہریوں کو چاہیے کہ صاف ستھری اورصحت مندغذا استعمال کریں ۔  شہری ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتیں ۔ موجودہ صورتحال میں پانی کا استعمال زیادہ کردیں ۔  کھلی جگہوں پر کھانسنے اور چھینکنے سے اجتناب برتیں ایک دوسروں سے لی گئی چیزوں سے بھی اجتناب برتیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام کا کہنا ہے کورونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی وبائی مرض میں سب سے بہتر علاج احتیاط ہوتی ہے، خود کو پاک صاف رکھنے سے بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب کرونا وائرس کے مریض سامنے آنے کے بعد پنجاب حکومت متحرک ہوگئی ہے، وزیراعلی پنجاب نے لاہور میں پی کے ایل آئی میں نیا کرونا وائرس وارڈ بنانے کا حکم دے دیا ہے ، کرونا وائرس کے مریضوں کو شہر سے دور رکھنے کیلئے پی کے ایل آئی میں آئیسولیشن وارڈ بنایا جائے گا ۔ راولپنڈی میں یورالوجی سنٹر میں بھی نیا کرونا وارڈ بنایا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  کرونا وائرس کی بیماری چین سے شروع ہوئی جو کہ اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔ پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں  کرونا وائرس پھیلنے سے پاکستانی انتظامیہ بھی الرٹ ہوچکی ہے۔ چین میں2700 سے زائد  لوگ اس بیماری سے ہلاک ہوچکے  ہیں جبکہ ایران میں بھی کافی لوگ اس کا شکار ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان میں  پہلا  کرونا وائرس کا کیس سامنے آیا جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ 

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوائٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔