ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی جھنڈا لہرانے پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی پر پابندی لگ گئی

بھارتی جھنڈا لہرانے پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی پر پابندی لگ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بھارت کی جانب سےکھیلنے  اور  بھارتی جھنڈا  لہرانے  پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ  راجپوت  پر  پابندی لگادی۔

 لاہورمیں  پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس  چیئرمین  پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری  شافع  حسین کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے  عبید اللہ راجپوت پر پابندی لگانے کی منظوری دی۔

 چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین کا کہنا ہےکہ  عبید اللہ راجپوت کو پابندی کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا، عبید اللہ  راجپوت کا کیس ڈسپلنری کمیٹی کے سپردکیا گیا تھا۔  چوہدری شافع حسین کا کہنا ہےکہ کسی کھلاڑی کو  بغیر این او سی کے باہرکھیلنےکی اجازت نہیں ہوگی۔

  خیال رہےکہ گزشتہ دنوں  بحرین میں  ہونے والے ٹورنامنٹ میں  پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی جانب سےکھیلنے،  بھارت کی جرسی  پہننے اور میدان میں بھارتی جھنڈا لہرانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

 اس حوالےسے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری  رانا سرور کا کہنا تھا کہ  بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی، پاکستان کی یہ قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی اس کی اجازت طلب کی گئی، نہ ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا گیا،  یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس میں پاکستان کا نام استعمال کیا گیا، ایونٹ میں شرکت کے لیے نہ حکومت سے اجازت لی گئی اور نہ ہی فیڈریشن کو بتایا گیا ۔