ویب ڈیسک: معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ روبی انعم نے سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سے کی گئی متنازعہ عمر سے متعلق گفتگو پر باقاعدہ طور پر معافی مانگ لی ہے۔
روبی انعم نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران بشریٰ انصاری کے بارے میں کچھ ایجسٹ (عمر پر مبنی تنقیدی) ریمارکس دیے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
روبی انعم نے اپنی وائرل ویڈیو میں کہا کہ میری نیت کسی کو تکلیف دینے کی نہیں تھی۔ خوشی کبھی کسی کو تکلیف پہنچا کر حاصل نہیں کی جا سکتی۔ اگر کسی کو لگتا ہے کہ میں نے جان بوجھ کر ایسا کہا تو میں معذرت خواہ ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ اس پوری صورتحال کی حقیقت بہت جلد اپنے ٹی وی شو میں خود عوام کے سامنے رکھیں گی۔ فیصلے مت کریں، پہلے میری بات سن لیں۔ میں بتاؤں گی کہ میں نے وہ الفاظ کیوں کہے۔
دوسری جانب اداکارہ بشریٰ انصاری نے روبی انعم کے ریمارکس پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سستی شہرت حاصل کرنے کی ایک گھٹیا کوشش ہے۔ گھٹیا لوگ کسی کے بارے میں بھی کچھ کہہ سکتے ہیں۔بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ وہ روبی انعم کو ذاتی طور پر جانتی بھی نہیں ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں اسے جانتی تک نہیں، شاید کہیں وائرل ویڈیوز میں دیکھا ہو۔
بشریٰ انصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم فنکار عمر شریف، ضیا محی الدین اور معین اختر اپنی عزت کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوئے، اور یہی عزت سے دنیا سے جانے والے ہر فنکار قابلِ مثال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کو بھی احترام سے یاد کرتی ہیں۔