ملک اشرف : مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل الیکشن ٹریبونل نے پانچ لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ خارج کر دی۔
جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل ٹریبونل نے ایڈوکیٹ محمد آفاق کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی۔ ، درخواست گزار ایڈوکیٹ محمد آفاق پیش ہوا ،جسٹس خالد اسحاق نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے اعتراضات فائل کیے تھے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اعتراضات فائل کیے ہیں لیکن ان کی کاپی اس وقت ساتھ نہیں۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ "آپ ووٹر نہیں ہیں، آپ اعتراضات کیسے دائر کر سکتے ہیں؟"۔عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار نہ تو تجویز کنندہ ہیں اور نہ ہی تائید کنندہ، اس لیے وہ اپیل دائر کرنے کے اہل نہیں۔ جسٹس خالد اسحاق نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرنے پر جرمانہ ہوگا، یہ وقت میرا یا آپ کا نہیں بلکہ عوام کا ہے۔ جسٹس خالد اسحاق نے وکیل سے مکالمے کے دوران واضح کیا کہ اگر اپیل خارج ہوئی تو پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔درخواست گزار تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر الیکشن ٹریبونل نے اپیل خارج کرتے ہوئے ایڈوکیٹ محمد آفاق کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ مزید یہ بھی حکم دیا گیا کہ جب تک جرمانہ ادا نہیں کیا جاتا، اس وقت تک رجسٹرار آفس میں درخواست گزار کا کوئی کیس سماعت کے لیے مقرر نہ کیا جائے۔