ویب ڈیسک: اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے 6 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق یہ امداد متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جاری کی گئی ہے، تاکہ خوراک، رہائش، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کی قیادت حکومتِ پاکستان کر رہی ہے، جبکہ اقوام متحدہ اور اس کے مقامی شراکت دار ادارے مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ امداد کی فراہمی اور تقسیم میں مقامی انتظامیہ اور انسانی ہمدردی کے ادارے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی جانب سے آج سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جائے گا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور مستقبل کی امدادی حکمت عملی مزید بہتر بنائی جا سکے۔
اقوام متحدہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور مزید امداد حالات کے مطابق فراہم کی جائے گی۔