(عرفان ملک )منچلوں کی ہوائی فائرنگ اور ون ویِلنگ کی ویڈیووائرل ہونے کاسی سی پی او لاہور ذوالفقار حمیدنے نوٹس لے لیا۔پولیس نےبنی کنگ ون ویلرز گینگ کے سربراہ کو تمام ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن عموما رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی ہیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے۔ایسے عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ان عوامل کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کی خبریں نظر تو آتی ہیں لیکن ارباب اختیار خصوصا پولیس، ڈولفن فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔آج کل کی نوجوان نسل میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اس کے باوجود اکثر پولیس اہلکار اس کا نوٹس نہیں لیتے یا اس وقت کارروائی کرتے ہیں جب فائرنگ سے قیمی جان کا ضیاع ہوجاتا ہے۔
ایک ایساہی واقعہ شالیمار میں پیش آیا جہاں منچلوں کی ہوائی فائرنگ اور ون ویِلنگ کی ویڈیووائرل ہوئی تو پولیس متحرک ہوگئی اور بنی کنگ ون ویلرز گینگ کے سربراہ کو تمام ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا ۔ایس پی سول لائنز دوست محمدکا کہنا تھا کہ شالیمار پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چند گھنٹوں میں ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں تقی نقوی، عمیر ذیشان،رضوان،ایان،ارسلان احمد علی،سبحان اور زوہیب شامل ہیں۔
ایس پی سول لائنز دوست محمد کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے ون ویلنگ کے لئےسپیشل تیار شدہ پانچ موٹرسائیکل برآمد کر لئے گئے۔ سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے،ان کا کہناتھا کہ والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں،ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے خوف ہراس پھیلانے اور ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔