احمد منصور: ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر واقع انسداد اسمگلنگ پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے میں 11 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی انسداد اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ سے ٹکرائی گئی، جس کے نتیجے میں دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا جسکے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے افراد میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔
دھماکے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث جانی نقصان میں مزیداضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ذرائع نے حملے کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر، جن میں اسمگلرز بھی شامل ہیں، کے گٹھ جوڑ کا ثبوت قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے لاتعلقی اور بے حسی پر شدید غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔