ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی کرکٹ کی دنیا ایک تاریخی لمحے کی منتظر ہے کیونکہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔اب شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو ایک تاریخی فائنل میں دونوں روایتی حریفوں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ دیکھیں گے۔
دبئی میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 136 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 124 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستانی بولرز نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلادیشی بیٹرز کو دباؤ میں رکھا اور کامیابی سمیٹی۔
اس حوالے سے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں دلچسپ مقابلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ ٹیم فائنل کے بڑے معرکے کے لیے بھرپور تیاری کر چکی ہے اور کھلاڑی جانتے ہیں کہ فیصلہ کن میچ میں کیا حکمتِ عملی اپنانی ہے۔ ان کے مطابق بولرز نے شاندار بولنگ اور فیلڈرز نے بہترین کارکردگی دکھا کر فتح یقینی بنائی۔کپتان نے خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابتدا سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا، جس نے میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ بھارت سپر فور مرحلے میں پہلے ہی مسلسل فتوحات کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا تھا۔ اس طرح اب 28 ستمبر کو دبئی کے میدان میں ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ دونوں روایتی حریف فائنل میں آمنے سامنے آئیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت اب تک ایشیا کپ کی 8 ٹرافیاں جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 بار فتح حاصل کی، جبکہ پاکستان نے دو بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس بار پاکستانی ٹیم کے پاس اپنی فتوحات میں اضافہ کرنے اور نئی تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے۔
کرکٹ شائقین اس تاریخی مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں، جہاں ایک طرف بھارتی ٹیم اعزاز کی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی، وہیں پاکستان اسے ٹکر دے کر تیسری بار چیمپئن بننے کے لیے پرعزم نظر آ رہا ہے۔