بزدار سرکار کا مسیحاؤں سے کیا وعدہ وفا نہ ہوا

بزدار سرکار کا مسیحاؤں سے کیا وعدہ وفا نہ ہوا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) کورونا ڈیوٹی دینےوالے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خصوصی الاؤنس چھ ماہ بعد بھی نہ مل سکا، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ صرف بار بار ہسپتالوں سے ڈیٹا جمع کرنے میں مصروف ہے۔

بزدار سرکار کی جانب سے کورونا کی وبا شروع ہونے پر ہی مسیحاؤں کو خصوصی کورونا الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا گیا۔ یکم اپریل سے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کو کورونا الاؤنس دینے کی منظوری دیدی گئی، لیکن 6 ماہ گزرنے کے بعد بھی مسیحا کورونا الاؤنس سے محروم ہیں۔ 

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ہسپتالوں سے کورونا کے مریضوں کو علاج فراہم کرنے پر مامور ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی بار بار فہرستیں طلب کیں، لیکن صرف ڈیٹا جمع کرنے پر ہی اکتفا کیا گیاجبکہ مسیحا تاحال کورونا الاؤنس سے محروم ہیں۔

 دوسری جانب پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37504 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 798 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 74 افراد انتقال کرگئے، پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 9015 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6444 تک جا پہنچی ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 348 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں، سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 135246 ہوگئی ہے جب کہ 2477 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں، پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 98864 ہے اور 2229 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 14838 اور ہلاکتیں 145 ہوچکی ہیں۔