(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں بے ہنگم ٹریفک کے حوالے سے کیس کی سماعت میں سی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت پیش ہوئے ، عدالت نے ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے والے تمام افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ایڈووکیٹ عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک عدالت میں چھٹی مرتبہ پیش ہوئے، سی ٹی او لاہور نے شہر میں جاری حادثات سے بچاؤ مہم بارے رپورٹ پیش کی ،رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ کا داخلہ بند کیا گیا ہے، دو یوم میں مال روڈ پر 4778 بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو بھاری جرمانہ کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 22246 بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے ، سی ٹی او لاہور نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر پولیس اہلکاروں کےخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، وکلاء، صحافیوں سمیت تمام شہری اپنی حفاظت کےلئے ہیلمٹ پہنیں ۔جسٹس علی اکبر قریشی نے کہا کہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی کارروائی جاری رکھی جائے، عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگلے ہفتے سے جیل روڈ پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کیاجائے ۔