ویب ڈیسک:ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا، امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، طبی حکام بھی موقع پر موجود ہیں۔
ملک کے 188 سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ہو رہا ہے، ملک میں 35 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک بین الاقوامی مرکز ریاض میں قائم کیا گی،پنجاب میں 46، سندھ میں 17، خیبرپختونخوا میں 11، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں1، 1 نجی میڈیکل کالج ہے، اسی طرح خیبرپختونخوا میں 6، پنجاب میں 25 اور سندھ میں 12 نجی ڈینٹل کالجز کام کر رہے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام پنجاب کے 12 شہروں میں ایم ڈی کیٹ امتحان شروع ہوگیا، ایم ڈی کیٹ امتحان میں صوبے بھر سے 50,461 امیدوار شریک ہیں، امیدواروں میں 36,702 لڑکیاں اور 13,759 لڑکے شامل ہیں، لاہور سمیت 12 شہروں میں 27 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے امتحانی مراکز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، امتحانی پرچے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس کی کڑی نگرانی میں امتحانی مراکز پر پہنچائے گئے۔
ایم ڈی کیٹ امتحان میں 3,263 سکول ٹیچرز بطور نگران فرائض انجام دے رہے ہیں، ہائر ایجوکیشن کے 165 ٹیچرز کو سپرنٹنڈنٹ اور 347 کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا، تمام عملے کو سپیشل برانچ کی کلیئرنس کے بعد تعینات کیا گیا۔
ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے لاہور میں چھ مراکز قائم کیے گئے، لاہور میں چار مراکز لڑکیوں کے اور دو لڑکوں کے ہیں، مجموعی 11,906 امیدواروں میں سے 8,799 لڑکیاں اور 3,107 لڑکے ہیں۔
ملتان میں 8,313، بہاولپور 3,014، فیصل آباد 5,824، گوجرانوالہ 2,665 اور سیالکوٹ میں 2,786 امیدوار شرکت کر رہے ہیں جبکہ ڈی جی خان میں 2,408، گجرات 1,402، راولپنڈی 6,910، سرگودھا 2,091اور ساہیوال میں 2,688 امیدوار ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں شریک ہیں۔
ایم ڈی کیٹ صبح 10بجے شروع ہوا، امیدوار صبح 8 بجے سے امتحانی مراکز پہنچنا شروع ہوگئے، نو بجے تمام امتحانی مراکز داخلے کیلئے بند کردیے گئے، نقل روکنے کیلئے امیدواروں کی جامہ تلاشی لی گئی اور واک تھرو گیٹ سے گزارا گیا، میٹل ڈیٹیکٹر سے بھی جانچ کی گئی۔
امتحانی مراکز پر شہری دفاع، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، نادرا اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود ہے، تمام امتحانی مراکز کے باہر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے والدین کیلئے بیٹھنے کا خصوصی انتظام کیا گیا
محکمہ صحت کے افسران، ڈپٹی کمشنرز، میڈیکل اداروں کے وائس چانسلرزاور پرنسپلز ایم ڈی کیٹ کی مانیٹرنگ پر تعینات کئے گئے ہیں، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے نمائندے بھی ایم ڈی کیٹ کی مانیٹرنگ کیلئے موجود ہیں۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود کے ہمراہ لاہور میں امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ امیدواروں کو ٹیسٹ کے بعد سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی، امیدوار اپنے ریسپانس فارم کی کاربن کاپی اور جوابی کلید کی مدد سے سیلف سکورنگ کر سکیں گے۔
امیدوار شام 6 بجے تک کسی بھی سوال پر اپنا اعتراض بذریعہ آن لائن پورٹل دائر کرسکتے ہیں، یو ایچ ایس تمام اعتراضات کے جائزے کے بعد جوابی کلید رات 10 بجے اپنی ویب سایٹ پر جاری کردے گی۔
ایم ڈی کیٹ کا آفیشل رزلٹ ایک ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔