( بسام سلطان ) نواز شریف کی طبیعت اب بہتر ہورہی ہے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں پلیٹلیٹس کی تعداد 45 ہزار تک پہنچ گئی ہے، نواز شریف کو ہلکا اٹیک ہوا، جس کی وجہ سے ٹراپ ٹی پازیٹو آیا، بلڈ پریشر اور شوگر لیول بھی نارمل ہے۔
صوبائی وزیر صحت کی سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں میڈیا سے گفتگو کے دوران طاہر شمسی، پرنسپل پروفیسر محمود ایاز، ایم ایس سروس ڈاکٹر سلیم شہزاد چیمہ اور دیگر موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 45 ہزار پر پہنچ گئی، نواز شریف کو ہلکا ہارٹ اٹیک ہوا ہے، جس سے ان کے دل کو کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ پچھلے دو دن سے ان کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں تھا جو اب کنٹرول ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی شوگر بھی اب کنٹرول میں ہے۔ نواز شریف کو خون پتلا کرنے والی دوائی شروع کر دی گئی ہے۔ انکا ایکو ٹیسٹ کیا جو نارمل آیا ہے۔ نواز شریف جس کنڈیشن میں ہمارے پاس آئے تھے اس سے بہت بہتر ہیں۔ نواز شریف کی صحت پر ہم سیاست نہیں کر رہے، ن لیگ کو بھی نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پلیٹ لیٹس بنانے والی دوائی سے نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ اگلے سات دن تک پلیٹ لیٹس بنانے والی ادویات جاری رکھی جائیں گی۔ اگر نواز شریف کی صحت اسی طرح بہتر رہی تو پلیٹ لیٹس سات دن تک ڈیڑھ لاکھ تک ہو جائیں گے۔