خورشید رحمانی: کراچی میں ایف آئی اے امیگریشن حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی شادی دستاویزات پر عمان جانے کی کوشش کرنے والی خاتون مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خاتون مسافر کرن منظور دختر منظور مسیح پاکستانی پاسپورٹ اور ریلیٹو جوائننگ (ریزیڈنٹ) ویزا پر عمان جا رہی تھی۔ دورانِ امیگریشن کلیئرنس خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس نے عمان میں مقیم پاکستانی شہری سجاول سے شادی کر رکھی ہے۔
جانچ پڑتال کے دوران پیش کردہ میرج سرٹیفکیٹ مشکوک پایا گیا جبکہ اس پر موجود کیو آر کوڈ اور بار کوڈ کی تصدیق نہ ہو سکی۔
ترجمان کے مطابق خاتون نے بیان دیا کہ اس کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی تاہم وہ اپنے مبینہ شوہر اور سسرال سے متعلق بنیادی معلومات فراہم نہ کر سکی۔ دورانِ تفتیش اس کے بیانات اور دستاویزات میں متعدد تضادات بھی سامنے آئے۔
ایف آئی اے حکام نے مشکوک دستاویزات اور غیر تسلی بخش معلومات کی بنیاد پر خاتون کو آف لوڈ کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن، جعلی دستاویزات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔