عرفان ملک:نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی سپلائی کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شہری نے اپنی بیٹی کے جہیز کیلئے بکرے فروخت کیے اور خریداری کے دوران دکاندار سے معلوم ہوا کہ اسے دیے گئے نوٹ جعلی ہیں۔ متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے فوری قانونی کارروائی شروع کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ملزمان ندیم اور اکرم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم ملک ندیم 2013 سے جعلی کرنسی کے دھندے میں ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم جعلی نوٹ درہ آدم خیل سے منگواتا تھا اور ایک “کاٹن” میں تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ موجود ہوتے تھے۔ ملزم ہر 15 روز بعد 2 سے 4 کاٹن منگوانے کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان مختلف مویشی منڈیوں، ڈیلرز اور فارم مالکان سے بکرے خرید کر جعلی رقم کو وائٹ کرتے تھے، جبکہ بعد ازاں انہی جانوروں کو مختلف افراد کو فروخت کیا جاتا تھا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے جعلی کرنسی سے خریدا گیا بکرا اور ایک گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔