جنید ریاض:پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹریننگ اتھارٹی (پیکٹا) کی جانب سے اساتذہ کی آئی ٹی مہارتیں بہتر بنانے کے لیے گوگل آئی ڈی ٹیچر ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف اضلاع کے اساتذہ کو جدید ڈیجیٹل تعلیم سے روشناس کروایا جائے گا۔
پروگرام کے تحت لاہور اور اسلام آباد میں ماسٹر ٹرینرز کی 4 روزہ تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ٹریننگ سیشنز 2 جون سے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے بیچ کی ٹریننگ 2 سے 5 جون تک پیکٹا ہیڈکوارٹر لاہور اور پیکٹا اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں منتخب ماسٹر ٹرینرز کو جدید تدریسی ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں لاہور میں 34 جبکہ اسلام آباد میں 32 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی۔ اس کے بعد دوسرا بیچ 9 سے 12 جون تک پیکٹا لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں مزید 34 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
پیکٹا نے تمام سی ای اوز اور ضلعی تعلیمی حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ منتخب اساتذہ کی شرکت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے ماسٹر ٹرینرز کو ریلیو کرنے سے متعلق باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹریننگ کے لیے مختلف اضلاع سے اساتذہ کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں، جبکہ تمام تربیتی سیشنز کے دوران کمپیوٹر لیب اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ یہ خصوصی پروگرام اساتذہ کی ڈیجیٹل مہارتیں بہتر بنانے اور جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے، جس سے تدریسی معیار میں بہتری آئے گی۔