عابد چودھری:چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر کیلئے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق عید کے دنوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ عید نماز کے اجتماعات اور عید گاہوں پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے گی جبکہ لاہور چڑیا گھر، باغ جناح اور دیگر اہم تفریحی مقامات کے باہر بھی خصوصی ٹریفک ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مصروف شاہراہوں پر واقع قبرستانوں کے اطراف بھی اضافی اہلکار تعینات ہوں گے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چاند رات کے موقع پر شہر کی 70 سے زائد مارکیٹوں کیلئے الگ جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز فرائض سرانجام دیں گے جبکہ عید کے تینوں دنوں میں 3 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار شہر بھر میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی جبکہ ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے 110 پٹرولنگ افسران تعینات کیے جائیں گے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور ہر صورت ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ شہری عید کے ایام میں بلا رکاوٹ سفر کرسکیں۔